اسلام آباد( آن لائن)وزارت داخلہ نے ملک بھرمیں معصوم شہریوں،پاک فوج اورپولیس پرحملہ کرنیوالے 40 سے زائد سفاک دہشت گردوں کے گرد گھیر اتنگ کرتے ہوئے ان کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزارت داخلہ نے پاک فوج، پولیس اور سول افراد پر حملوں میں ملوث 40 سے زائد دہشت گردوں کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، جن دہشت گردوں کے مقدمات فوجی عدالتوں میں بھجوائے جار رہے ہے ان میں زیادہ
تعداد ان کی ہے جو لاہور میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث رہے ہیں۔وزارت داخلہ کے مطابق جن دہشت گردوں کے کیسز فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ان میں بیدیاں روڈ مردم شماری ٹیم پر حملہ، ارفع کریم ٹاور کے قریب پولیس اہلکاروں پر حملہ اور قلعہ گجر سنگھ بم دھماکے سمیت دیگر کارروائیوں میں ملوث دہشت گرد شامل ہیں۔ان کیسوں کو فوجی عدالتوں میں چلانے کا فیصلہ دہشت گردوں کے خلاف ثبوتوں کا جائزہ لینے کے بعد پاک فوج کی مشاورت سے کیا گیا ہے۔