اسلام آباد(آن لائن) وزارت اوورسیز پاکستانیز نے وضاحت کی ہے کہ نائیکوپ کی شرط صرف امیگرنٹ ورکرز کیلئے ختم کی گئی ہے۔ ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز نے ایک بیان میں بتایا کہ میڈیا میں یہ خبریں آرہی ہیں کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے نائیکوپ کی شرط ختم کر دی ، انہوں نے کہا کہ نائیکوپ کی شرط صرف امیگرنٹ ورکرز کے لیے ختم کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز نے صرف امیگرنٹ ورکرز سے رجسٹریشن کے لیے نائیکوپ نہ مانگنے کیلئے امیگرنٹس آفسز کو ہدایات جاری کی ہیں۔نادرااآرڈیننس 2000ء کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے قومی شناخت کے لیے نائیکوپ کی لازمی شرط قرار دیا گیا تھا۔ بعد میں امیگرنٹس کے لیے یہ شرط لگا دی گئی کہ نائیکو پ کے بغیر ان کی رجسٹریشن نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ نائیکوپ کے ضمن میں فیس کا تعین مختلف ممالک کے لیے الگ الگ ہے۔ اس فیس کا امیگریشن قوانین سے تعلق نہیں ہے اور اس کی وجہ سے سمندر پار پاکستانی کمیونٹی پر اضافی مالیاتی بوجھ پڑ رہا تھا اور یہ ان کے لیے مستقل باعث تشویش تھا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت اوورسیز پاکستانیز اور سیکرٹری داخلہ کے مابین میٹنگ میں یہ طے پایا ہے کہ پروٹیکٹر امیگرنٹ ورکرز سے رجسٹریشن کے لیے نائیکوپ کارڈ طلب نہیں کریں گے۔ تمام امیگرنٹ پروٹیکٹر آفسز کو یہ ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ کسی امیگرنٹ ورکرز سے رجسٹریشن کے وقت نائیکوپ طلب نہیں کیا جائے گا۔ دوسرے ملک کام کرنے کا ارادہ ظاہر کرنیوالے امیگرنٹ کی صرف قومی شناختی کارڈ دکھانے پر رجسٹریشن کر دی جائے گی۔ ترجمان وزارت اوورسیز پاکستانیز نے کہا کہ بیورو آف امیگریشن ، اوورسیز ایمپلائمنٹ اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن کو اس حکم پر عملدرآمد کیلئے پہلے ہی ہدایات جاری کی جاچکی ہیں۔