لاہور( این این آئی ) مسلم لیگ (ن) نے حکومت کے سو روز کے پلان کو ملک کے لئے بدنامی اورشرمندگی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن)حکومتی نااہلی، جھوٹ، ناکامیوں اور یوٹرنز پر جلد حقائق نامہ جاری کرے گی،حکومت کو ہم مصروف تھے کی جگہ ہم نالائق ہیں کا اشتہار دینا چاہیے،وزیراعظم عمران خان نے جھوٹ کا عالمی ریکارڈ قائم کیا لیکن جنہیں جھوٹ بولنے کی عادت ہو انہیں مزید جھوٹ بولنے سے شرم نہیں آتی
جبکہ پیپلز پارٹی نے کہا کہ عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیا، سو دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا۔مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے اپنے رد عمل میں کہا کہ وزیراعظم نے سرکاری خرچ پر قوم سے براہ راست جھوٹ بولا ،ایک ایسا جھوٹ بولا گیا جسے پاکستان سمیت دنیا کی کوئی حکومت نہیں توڑ سکے گی۔انہوں نے کہا کہ وزرا ء میں بھی جھوٹ بولنے کا سخت مقابلہ جاری ہے، جو وزیر سب سے بڑا جھوٹ بولے گا، عمران خان صاحب اسے سب سے بڑا میڈل دیں گے۔عوام حکومت کی 100 روز کی کارکردگی جاننے کے لیے گوگل پر تلاش جاری رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری خرچ پر اپنے جھوٹ کی تشہیر شروع کردی ہے اور 100 دن کی کارکردگی کے اشتہار میں پرانے 100 دن کا پلان ایک بار پھر شائع کردیا،حکومت کو ہم مصروف تھے کی جگہ ہم نالائق ہیں کا اشتہار دینا چاہیے۔مریم اورنگ زیب نے کہا کہ 100 روز کی کارکردگی دکھانے کے لیے جی سی ویمن یونیورسٹی کی طرح حکومت کو ہمارے دور کے افتتاح کردہ منصوبوں کا سہارا لینا پڑرہا ہے۔عمران خان کے جھوٹ اور ناکامی کے سچ کو چھپانے کے لیے 100 جھوٹ گھڑے جارہے ہیں۔مسلم لیگ (ن)100 دن کی حکومتی نااہلی، جھوٹ، ناکامیوں اور یوٹرنز پر جلد حقائق نامہ جاری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے 100 دن عوام کے لیے 100 اذیت ناک دن تھے، پی ٹی آئی کے اپنے ووٹرز اور سپورٹرز کے لیے ناامیدی یہ ملک کے لیے بدنامی اور شرمندگی کے دن تھے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم کا حکومت کے سو دن مکمل ہونے پر خطاب غیرمتاثر کن تھا، سو دن حکومت میں رہنے کے بعد بھی عمران خان کے پاس بتانے کو کچھ نہیں تھا، نیا پاکستان کا خواب دکھانے والے نے سو دنوں میں سفید پوش طبقے کی کمر توڑ کر رکھ دی، پہلے سو دنوں میں عوام کو مہنگائی کے سونامی میں ڈبو دیا گیا، بجلی، گیس، پٹرول کی قیمتوں میں غیرمعمولی اضافے نے عوام کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے
جبکہ پولیس اور بیورکریسی میں سیاسی مداخلت نے تبدیلی کے دعویداروں کو بے نقاب کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خارجہ پالیسی کا مرکز و محور کشکول کو بنا دیا ہے ، سو دنوں میں صرف کمیٹیوں کے اوپر کمیٹیاں پھر ان کے اوپر کمیٹیاں بنائی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم احتساب کی بات کرنے سے قبل کم سے کم اپنے سامنے بیٹھے ساتھیوں پر نظر ڈال لیتے، اور نہیں خان صاحب اپنے ان مالی سہولتکاروں کو ہی نیب کے حوالے کریں جن کی بیرون ملک جائیدادیں ہیں۔