لاہور ( این این آئی) احتساب عدالت نے کروڑوں روپے کے فراڈ میں ملوث ڈبل شاہ کی بیٹی عفت گیلانی کیس میں بیانات ریکارڈ نہ کروانے پر 4گواہوں کو فی کس ایک ہزار روپے جرمانہ کر دیا۔ احتساب عدالت کے جج محمد وسیم اختر کی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے چار گواہوں کو بیانات ریکارڈ کروانے کے لئے طلب کر رکھا تھا۔ عدالت نے طلبی کے باوجود پیش نہ ہونے اور گواہی ریکارڈ نہ کروانے پر گواہان ناہید اختر، نسیم اختر، اقبال بیگم اور ارشاد بیگم کو ایک ہزار روپے فی کس جرمانہ کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے گواہان کو دوبارہ طلب کرتے ہوئے سماعت 8 جنوری تک ملتوی کر دی۔ نیب حکام کے مطابق سبط الحسن عرف ڈبل شاہ نے لوگوں نے سرمایہ کاری کرنے پر رقوم دگنی کر کے واپس کرنے کا جھانسہ دیکر اربوں روپے بٹورے۔ سبط الحسن عرف ڈبل شاہ نے 400 سو سے زائد افراد سے ساڑھے 8 ارب روپے کا فراڈ کیا تھا۔ نیب حکام کے مطابق اس کیس میں ڈبل شاہ کی بیٹی عفت گیلانی پر بھی لوگوں سے کروڑوں روپے اکھٹے کرنے کا الزام ہے جبکہ مرکزی ملزم ڈبل شاہ رہائی کے بعد وفات پا چکا ہے۔