اسلام آباد (این این آئی)وزارت خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی ہدایت پر وزارتِ خارجہ کی 100 روزہ کارکردگی رپورٹ جاری کردیا۔گیارہ صفحات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ میں پاکستان کی علاقائی اور اہم عالمی معاملات پر خارجہ پالیسی کی ترجیحات درج کی گئیں ۔رپورٹ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے گذشتہ 100 روز میں صیر بنی یاس فورم سمیت یورپی یونین، جرمنی، جاپان، کوریا لیتھونیا کے اعلیٰ سطحی وفود کے ساتھ دو طرفہ مذاکرات کا تذکرہ بھی شامل ہے۔
سو روزہ کارکردگی رپورٹ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے خطاب، شنگھائی تعاون تنظیم، آسم سمٹ، ڈی ایٹ کونسل جیسے بین الاقوامی فورم میں پاکستان کی شرکت کی تفصیلات شامل ہیں۔وزارتِ خارجہ کی اس رپورٹ میں سعودی عرب کی طرف سے ملنے والی معاشی سپورٹ، پاک چین تعلقات میں بہتری، متحدہ عرب امارات کے ساتھ تجارتی تعاون معاہدے اور کرتارپور راہداری کے سنگِ بنیاد ، سمیت خارجہ امور میں اہم کامیابیوں کا تذکرہ بھی کیا گیا ہے۔