اسلام آباد(نیوز ڈیسک)الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں حصہ لینے کے لئے یونین کونسل کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے والے چار چیئرمینوں کے استعفے حتمی قرار دے دیئے جبکہ مستعفی ہونے کے بعد چیئرمین شپ پر بحال کیئے گئے26 چیئرمینوں کو نوٹس جاری کر دیئے۔جمعرات کو الیکشن کمیشن میں بلدیاتی چیئرمینوں کے استعفے واپس لینے سے متعلق معاملے پر چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے سماعت کی،الیکشن کمیشن نے وکلا کے
دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا،بعد ازاں فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن کمیشن نے یو سی 81فیصل آباد کے چیئرمین راجہ سلیم عابد ،یوسی 45اور50کے چیئرمین محمد حفیظ اور سجاد مہیس اوریو سی 46اسلام آباد کے چیئرمین حفیظ الرحمن کا استعفی حتمی تصور کر لیا،الیکشن کمیشن نے ان چیئرمینوں کے ڈی نوٹیفکیشن بھی جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا،جبکہ جسٹس عبادالرحمان لودھی کے فیصلے کی بنیاد پر بحال کیئے گئے 26 یوسی چیئرمینوں کو بھی نوٹس جاری کر دیئے گئے۔