اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ایس پی طاہر داوڑ شہید کی پوسٹ مارٹم رپورٹ اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دی گئی، طاہر داوڑ کو کئی دن بھوکا پیاسا رکھا گیا، موت گولی نہیں تشدد سے ہوئی، جسم کی کئی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں، پوسٹمارٹم رپورٹ میں افسوسناک انکشافات۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد سے اغوا اور افغانستان میں قتل ہونیوالے پشاور پولیس کے ایس پی رورل طاہر داوڑ کی پوسٹمارٹم رپورٹ تیار کر لی گئی ہے جسے اسلام آباد پولیس کے بھی حوالے کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پوسٹ مارٹم رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طاہر داوڑ کا معدہ خالی تھا ،اغوا کاروں نے انہیں کئی دن تک بھوکا پیاسا رکھا گیا ، ان کے جسم پر تشدد کے نشانات ہیں، ان کے جسم پر گولی کا نشان نہیں، جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے جبکہ بدترین تشدد سے بازو اور پاؤں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی پائی گئیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ میں موت کی وجہ گولی یا کسی اور آلے کا استعمال نہیں بلکہ تشدد کو بتایا گیا ہے۔ جبکہ ان کی موت ان کی لاش ملنے سے چند روز قبل ہی واقع ہو چکی تھی۔