لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے والے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی محمد نعیم صفدر کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دیدیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسعود جہانگیر نے ایم پی اے محمد نعیم صفدر کی درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت اور وزیرات داخلہ کو فریق بنایا گیا ۔درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ قصور میں عدلیہ مخالف ریلی نکالنے کے الزام میں مقدمہ میں نامزدکیا گیا، عدالت نے وزیرت داخلہ
کو ای سی ایل میں نام ڈالنے اور پاسپورٹ منجمد کرنے کا حکم دیا تھا، عدالت عالیہ نے دیگر ملزمان کو سزا جبکہ درخواست گزار کو بے گناہ قرار دے دیا تھا مگر وزارت داخلہ کو ای سی ایل سے نام نکلوانے اور پاسپورٹ کی بحالی کے لیے درخواستیں دی لیکن شنوائی نہیں ہو رہی ہے۔ای سی ایل میں نام ڈالنا اور پاسپورٹ منجمد کرنا آئین کے آرٹیکل 15 کی خلاف ورزی ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ وزارت داخلہ کو ای سی ایل سے نام نکالنے اور پاسپورٹ بحال کرنے کا حکم دیا جائے ۔