لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) یکم دسمبر سے موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھنے والے کیلئے بھی ہیلمٹ لازمی قرار دیدیا گیا ،لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی ہے کہ سائیڈ مررز نہ لگانے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے،لین لائن،سٹاپ لائن پر بھی سختی سے پابندی کروائی جائے۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے روبرو چیف ٹریفک پولیس آفیسر لاہور کیپٹن (ر) لیاقت علی ملک نے رپورٹ پیش کرتے ہوئے ٹریفک آگاہی مہمات اور اقدامات بارے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ بغیر ہیلمٹ335408موٹر سائیکلوں کو چالان
ٹکٹ جاری کئے گئے،صرف مال روڈ پر 42832موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ جاری کئے۔یکم دسمبر سے کوئی بھی بغیر ہیلمٹ اورسائیڈمررز مال روڈ پر نہیں آئے گا،ابتدائی طور پر مال رو ڈسے سختی کی جائے گی،لین لائن اور سٹاپ لائن کی پابندی کا اطلاق شہر بھر میں کروایا جائیگا۔عدالت نے ٹریفک قوانین خصوصاً ہیلمٹ پابندی پر سی ٹی ا و لاہورکو شاباش دی ۔عدالت نے بغیر ہیلمٹ سکینڈ سیٹر کیخلا ف بھی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ سائیڈ مررز نہ لگانے والوں کیخلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے ۔