پشاور(اے این این ) وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے 4 ارب کی گندم پر13 ارب سے زائد سود کے انکشاف کا نوٹس لے لیا۔خیبرپختونخوا کو فراہم کی گئی 4 ارب 29 کروڑ روپے کی گندم پر13 ارب سے زائد سود کے انکشاف ہوا ہے۔وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے نوٹس لیتے ہوئے معاملے کی انکوائری کا حکم دیا ہے۔ صوبائی حکومت نے 4 ارب 29 کروڑ کی گندم منگوائی تھی جس پر ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے کے پی حکومت سے 2004 ،2007 اور 2009 کے درمیان خریدی گئی گندم
پر 13 ارب 21کروڑ روپے سے زیادہ کے سود کی ادائیگی کا مطالبہ کیا۔ٹی سی پی نے حکومت کو خبردار کیا ہے کہ اگر رقم فوری ادا نہ کی گئی تو سود کی رقم بڑھ سکتی ہے۔دوسری جانب وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے نجی ٹی وی سے بات چیت میں بتایا کہ گندم کا ریکارڈ نہیں مل رہا ہے، ٹریڈنگ کارپوریشن کے پاس ثبوت ہیں تو سامنے لائے۔شوکت یوسفزئی نے بتایا کہ ڈائریکٹر فوڈ کو معاملے کی چھان بین کیلئے سندھ بھیجا جارہا ہے جب کہ یہ پرانا کیس ہے جس دوران 4 حکومتیں گزر گئی ہیں۔