اسلام آباد(آن لائن) تیل و گیس کے شعبہ میں کام کرنے والی عالمی کمپنی ایکسن موبل نے تین دہائیوں کے بعد دوبارہ پاکستان میں اپنا کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ایکسن موبل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ارتضیٰ سید نے کہا ہے کہ پاکستان میں توانائی کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر کمپنی نے پاکستان میں تیس سال کے بعد دوبارہ کاروبار کا فیصلہ کیا ہے۔سرمایہ کاری بورڈ کے حکام کو لکھے گئے ایک خط میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آبادی 200 ملین سے زائد ہے جس میں سے 67 فیصد حصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے
جن کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تیزی سے ترقی کرتی ہوئی معیشت ہے اور کمپنی پاکستان میں تیل و گیس کی تلاش کیساتھ ساتھ پٹرولیم مصنوعات کے کاروبار کے دوبارہ آغاز میں دلچسپی رکھتی ہے۔ انہوں نے سرمایہ کاری بورڈ کو بتایا کہ کمپنی نے پاکستان میں دوبارہ آغاز کے حوالے سے ایس ای سی پی سے رجسٹریشن حاصل کرنے کیساتھ ساتھ اسلام آباد میں ہیڈ آفس کے قیام کے لئے جگہ حاصل کر لی ہے اور آئندہ سال 2019ء کے آغاز پر پاکستان میں باقاعدہ کاروباری سرگرمیوں کا آغاز کر دیا جائیگا۔