گوجرانوالہ(آن لائن)گوجرانوالہ میں ٹیلیفون پر معلومات لے کر بینک اکاؤنٹس سے رقم نکالنے والے گروہ کے اہم رکن کو حافظ آباد سے گر فتار کرلیا گیا۔ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے گوجرانوالہ ریجن میں اس گروہ نے شہریوں سے ٹیلیفون پر معلومات حاصل کرنے کے بعد 60 سے زائد بینک اکاؤنٹس سے کروڑوں روپے نکالے۔ایف آئی اے کے مطابق بینک فراڈ میں ملوث شبیر نامی اہم ملزم کو حافظ آباد سے گرفتار کیا گیا جسے پہلے سے گرفتار ملزم شفیق کی نشاندہی پر گرفتار کیا۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے
آصف اقبال کا کہنا ہے کہ ملزم شفیق 28 ستمبر کو حافظ آباد میں بینک سے رقم نکلواتے پکڑا گیا تھا جس سے بینک فراڈ کے بین الصوبائی گروہ کے بارے میں اہم معلومات ملیں۔آصف اقبال کے مطابق 3 ماہ میں 60 بینک اکاؤنٹس سے نکالی گئی رقم کروڑوں روپے ہے اور متاثرہ افراد میں وکلا ، پولیس افسران اور پروفیسرز بھی شامل ہیں۔ملزمان نے گوجرانوالہ ریجن میں 60 شہریوں کے اکاؤنٹس سے رقم نکلوائی جب کہ اٹک کے رہائشی اللہ یار کے اکاؤنٹ سے 5 لاکھ روپے کی رقم ٹرانسفر کی گئی۔