لاہور (آئی این پی )سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے صاحبزادے صوبائی اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز آج نیب لاہور کے سامنے پیش ہوئے ، کارکنوں نے حمزہ شہباز کی نیب عدالت پیشی پر پھولوں کی پتی نچھاور کی گئی ۔ صوبائی اپوزیشن لیڈر حمزہ سے اڑھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی جس کے بعد
وہ واپس روانہ ہو گئے ہیں تاہم شریف فیملی کیلئے یہ جمعہ کافی بہتر رہا کیونکہ اس مرتبہ کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی۔دوسری جانب وزیراطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ حمزہ شہباز کی نیب لاہورپیشی پرپھول کیوں نچھاورہوئے،کیا وہ کشمیر فتح کرکے آئے تھے۔جمعہ کو مسلم لیگ (ن) رہنما اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نیب کے دفتر میں پیش ہوئے،سلمان شہباز لندن میں ہونے کے باعث پیش نہیں ہوئے تاہم حمزہ شہباز نیب کے سامنے پیش ہوئے تو اس موقع پر لیگی کارکنوں نے ان پر پھول نچھاور کئے۔اس بات پر فیاض چوہان برس پڑے اورکہا کہ ریاست کا پیسہ لوٹنے کے جرم میں حمزہ شہبازکو نیب لاہور میں بلایا گیا مگران پر پھول نچھاورکئے گئے۔انہوں نے کہا کہ کل انہوں نے نیب کو کالا قانون کہا تھا،ن لیگ کی قیادت کے ذہنی اور اخلاقی معیار سے قوم آگاہ ہو چکی ہے۔ واضح رہے قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں حمزہ شہباز اور ان کے بھائی سلمان شہباز کو طلب کیا تھا۔