کراچی(آن لائن)قوم کی معصوم اور مظلوم بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کیلئے خصوصی دعاؤں کا سلسلہ جاری ۔اس سلسلے میں ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی کراچی میں واقع رہائش گاہ پر اتوار 11 نومبر کو سوا لاکھ ’’قرآنی اذکار آیت کریمہ ‘‘ کے ختم کی تقریب منعقد کی جائے گی۔ فوزیہ صدیقی نے اپیل کی ہے کہ لوگ اپنے اپنے شہروں اور علاقوں میں بھی ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور ان کی والدہ عصمت صدیقی کی صحتیابی کیلئے آیت کریمہ و دیگر مسنون اذکار کے ساتھ دعاؤں کا خصوصی اہتمام کریں۔
واضح رہے کہ اندرون و بیرون ممالک سے لوگوں کا عافیہ موومنٹ سیکریٹریٹ اور ڈاکٹر عافیہ کے اہلخانہ سے رابطہ جاری ہے اور وہ ڈاکٹر عافیہ کی جلد رہائی اور ان کی والدہ عصمت صدیقی کی صحتیابی کیلئے دعائیہ تقریبات کی تصاویر اور تفصیلات بھی ارسال کررہے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر تریال سے مسجد حمزہ کے امام نثار احمد نقشبندی نے درسگاہ محمدیہ میں خصوصی دعائیہ تقریب کا اہتمام کیا۔ انہوں نے بھی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کیلئے صلوٰۃ حاجات ادا کرنے اور دعاؤں کی اپیل بھی کی ہے۔