اسلام آباد(این این آئی)الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیرریلوے شیخ رشید کو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق الیکشن کمیشن نے شیخ رشید کی این اے 60 کے ضمنی انتخاب میں اپنے بھتیجے شیخ راشد کی انتخابی مہم چلانے سے متعلق ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے لیا۔انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی خبریں چلیں تو الیکشن کمیشن نے نوٹس لیتے ہوئے شیخ رشید کو شوکاز نوٹس جاری کردیا
نوٹس میں کہا گیا کہ آپ نے متعدد بار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی جس پر جواب جمع کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے شیخ رشید کو 48 گھنٹوں میں شوکاز نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کی ۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن قوانین کے تحت کوئی بھی وزیر اپنی پارٹی یا کسی بھی حلقے میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکتا۔ این اے 60 میں ضمنی انتخاب 14 اکتوبر کو ہوں گے اور اس حلقے سے حکمران جماعت تحریک انصاف کے امیدوار شیخ راشد شفیق ہیں۔