اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی وزیر و سابق سینیٹر سعید غنی کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے اس اعلان کہ وہ خود پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشنز کے ٹائلیٹ کی نگرانی کریں گے کو مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ملک کے وزیراعظم ہیںیا سینیٹری سپروائزر۔ ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے اسی کام کے لئے سیاسی لوٹے جمع کر رکھے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ وزیراعظم کا کام عالمی، خطہ اور ملک کے ایشوز پر توجہ دینا ہے نہ کہ پٹرول پمپ اور سی این جی اسٹیشنوں پر
ٹائیلٹوں کی نگرانی کرنی ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کو چاہیے تھا کہ مہنگائی پر کنٹرول کرتے ضروریات زندگی کی قیمتوں کو کم کرتے، چھوٹے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرتے، وعدے کے مطابق نوجوانوں کو ایک کروڑ ملازمتیں دیتے، چندے اور قرضے کے لئے کشکول نہ اٹھاتے۔ انہوں نے کہا کہ ایک بات تو کھل کر سامنے آئی ہے کہ عمران خان میں اہلیت کس کام کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان نے ایسا فیصلہ کر ہی لیا ہے تو پھر سیاسی لوٹوں کو اس کام پر استعمال کرے۔