لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد موجود ہے۔ ن لیگ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ پولیس نے ایک کارکن پر گاڑی چڑھادی ہے جس کے باعث اسے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا ہے۔
آشیانہ سکینڈل میں گرفتار شہباز شریف کو جسمانی ریمانڈ کے حصول کے لیے احتساب عدالت پہنچادیا گیا ہے۔ عدالت کے باہر لیگی کارکنوں کی بڑی تعداد احتجاج کر رہی ہے جبکہ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔شہباز شریف کو احتساب عدالت لایا گیا تو لیگی کارکن اور رہنما بکتر بند گاڑی پر چڑھ گئے اور کافی دیر احتجاج کرتے رہے جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے انہیں گاڑی سے نیچے اتارا۔ سارے ہنگامے کے دوران ایک لیگی کارکن کے بکتر بند گاڑی سے گر کر زخمی ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ایک لیگی کارکن پر گاڑی چڑھادی ہے جسے زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا ہے۔