نیویارک (آئی این پی )وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ پاکستان صرف امریکا کا دوست نہیں رہ سکتا، امریکا خطے میں نئے دوست ڈھونڈ رہا ہے تو ہمارے پاس بھی آپشنز ہیں،پاک بھارت مسائل کا حل مذاکرات ہیں۔غیر ملکی میڈیا کو دئیے گئے انٹرویو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امریکا سے دوستی استثنائی بنیادوں پر نہیں ہے، پاکستان چین اور دوسرے ملکوں سے تعلقات کا فروغ چاہتا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کیساتھ جنگ آپشن نہیں ہے ، دونوں ایٹمی طاقتیں ہیں، تنازع کا کوئی عسکری حل نہیں ،واحد حل مذاکرات ہیں۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ سابقہ پاکستانی حکومتیں طالبان کی حامی نہیں بلکہ ملکی مفاد کی حمایت کرتی رہی ہیں، ہمیں یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ طالبان کو کس نے تربیت دی تھی، ہم اکثر بھول جاتے ہیں کہ حالات کے ساتھ دوست بھی بدل جاتے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ داخلی کرپشن کا خاتمہ اور غیرملکی قرضے نئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ پاکستان میں اب تک تعلیم اور صحت میں ضرورت کے مطابق سرمایہ کاری نہیں کی گئی، فلاحی و انسانی ترقی بھی نئی پاکستانی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔