اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مسلم لیگ (ن)کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت سے وابستہ امیدیں دم توڑ گئی ہیں ، تبدیلی کے دعوے دار حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ، پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منی بجٹ کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے ۔پیر کو شہبازشریف کی زیر صدارت مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ نوازشریف کلثوم نواز کے چالیسویں تک سیاسی سرگرمیاں شروع نہیں کریں گے ، مسلم لیگ (ن) کی
پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں کلثوم نواز کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ اجلاس میں (ن) لیگ نے انتخابی دھاندلی کی تحقیقات سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کیلئے ارکان نامزد کردیے ، (ن) لیگ کی طرف سے احسن اقبال ، مرتضیٰ جاوید عباسی پارلیمانی کمیٹی کیلئے نامزد کئے گئے ۔ اس کے علاوہ رانا ثناء اللہ اور رانا تنویر حسین کے نام بھی شامل ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ تبدیلی کے دعوے دار حکومت نے عوام پر مہنگائی کا بم گرایا ۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں منی بجٹ کے خلاف بھرپور آواز بلند کریں گے ۔