لاہور(آئی این پی) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ سول ملٹری تعلقات میں تنا اب بھی موجود ہے جس کی وجہ سے عمران خان ڈلیور نہیں کرپائیں گے، اب بھی پس پردہ سیاست میں ملٹری کا ہی کردار ہے، موجودہ حالات میں وزیر اعظم نہیں بننا چاہتا۔اپنے ایک انٹرویو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میڈیا کنٹرولڈ ہے ، عدالتیں شکایتیں کر رہی ہیں، ان حالات میں دوبارہ وزیر اعظم نہیں بننا چاہتا، ملک کے جس طرح کے حالات ہیں ان میں نہیں سمجھتا کہ وزیر اعظم ڈلیور کرپائے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان سول ملٹری تناؤ
کو مفروضہ کہتے ہیں حالانکہ سول ملٹری تناؤ ایک حقیقت ہے، اب بھی پس پردہ رہ کر سیاست میں کردار ملٹری کا ہی ہے۔ آئین سے باہر جاتے ہیں تو جھگڑے ہوتے ہیں جن کا ماضی میں بھی خمیازہ بھگتا اور آئندہ بھی بھگتیں گے، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں ہے ، ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ آئین سے باہر کوئی چیز نہیں ہونی چاہیے۔شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کی رہائی کے پیچھے کسی خفیہ ڈیل کی صاف الفاظ میں تردید کی اور کہا میاں صاحب کسی ڈیل کے حق میں تھے نہ آج ہیں ، ڈیل کے مواقع آئے ہیں لیکن انہوں نے نہیں کی۔