اسلام آباد (این این آئی) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور چین کی سٹرٹیجک معاون شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سماجی و اقتصادی خصوصاً زراعت کے شعبہ میں ترقی بارے چینی مہارت سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات پیر کو پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔چینی سفیر نے وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے اور نئی حکومت کی تشکیل پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور قریبی دوست ہیں۔ انہوں نے اپنی حکومت کی طرف سے دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کیلئے پاکستان کی نئی حکومت کیساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ نے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے آئندہ دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام تر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کے منتظر ہیں۔ شاہ محمود قریشی نے چین کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے صدر شی جن پنگ کے وژن کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان سماجی و اقتصادی خاص طور پر زراعت کے شعبہ میں ترقی کے حوالہ سے چینی مہارت سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے جیسا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور چین کی سٹرٹیجک معاون شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان سماجی و اقتصادی خصوصاً زراعت کے شعبہ میں ترقی بارے چینی مہارت سے بہت کچھ سیکھ سکتا ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یہ بات پیر کو پاکستان میں چینی سفیر یاؤ جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔