کراچی (نیوز ڈیسک) عدالت نے نقیب اللہ قتل کیس میں سابق ایس ایس پی ملیررا ؤانورکوملک بھرمیں اپنے رشتے داروں سے ملاقات کے لیے جانے کی اجازت دے دی۔کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں نقیب اللہ قتل کیس کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران راؤانوارنے اہلخانہ سے شہرسے باہرملنے کے لئے درخواست دائر کی، جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا کہ اہلخانہ دبئی سے عیدالاضحی منانے آرہے ہیں لیکن سیکیورٹی رسک کے باعث اپنے اہلخانہ کے ساتھ کراچی میں عید نہیں منا سکتا، عید گزارنے کے لیئے
شہر سے باہر جانے کی اجازت دی جائے۔وکیلِ صفائی صلاح الدین پنہور نے را ؤانوار کی درخواست پر اعتراض اٹھایا کہ عدالت پرعدم اعتماد اور مقدمے کی منتقلی کی درخواست زیر سماعت ہے، اس لئے عدالت اس درخواست پر فیصلہ جاری نہیں کرسکتی۔عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد راؤ انوار کی درخواست منظور کرلی، عدالت نے حکم دیا کہ ملزم اہلخانہ سے ملنے کے لئے شہرسے باہر جاسکتے ہیں لیکن ملک سے باہرنہیں۔واضح رہے کہ عدالت نے سابق ایس ایس پی راؤ انوارپرشہر سے باہر جانے پر پابندی لگا رکھی تھی۔