پشاور(آئی این پی )پشاور ہائی کورٹ نے معروف قوال امجد صابری قتل کیس کے ملزم کی سزائے موت معطل کردی ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق امجد صابری قتل کے ملزم عارش کو فوجی عدالت سے سزائے موت دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف پشاور ہائی کورٹ میں ملزم کی والدہ صدیقہ بی بی کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ہائی کورٹ کے دو رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو صدیقہ بی بی نے موقف اپنایا کہ میرا بیٹا بے گناہ ہے
اور بنا ثبوت کے اسے سزائے موت سنائی گئی جب کہ ملزم کو صفائی کا کوئی موقع بھی نہیں دیا گیا۔درخواست گزار کا موقف سننے کے بعد عدالت نے ملزم کی سزائے موت معطل کرتے ہوئے 12 ستمبر تک محکمہ داخلہ سے جواب طلب کرلیا۔واضح رہے کہ ملزم کو 2 اپریل کو فوجی عدالت سے سزائے موت کا حکم سنایا گیا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے سزائے موت کی توثیق کردی تاہم 12 اپریل کو پشاور ہائی کورٹ نے پھانسی پر عمل درآمد روک دیا تھا۔مشہورقوال امجد صابر ی کو 22 جون 2016ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے اس وقت شہید کردیا تھا جب وہ رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کے لیے اپنی گاڑی میں جارہے تھے۔