لاہور (نیوز ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی بینرزپر چیف جسٹس اورآرمی چیف کی تصاویر لگانے کی بناء پر نااہل ہونے والے تحریک انصاف کے امیدوار ناصر چیمہ کو نااہلی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدائت کر دی۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس امین الدین خان اور جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کیس کی سماعت کی،تحریک انصاف کے امیدوار ناصر چیمہ نے موقف اختیار کیا کہ ان کے حلقے کے سپورٹرز نے بینرز پر آرمی چیف اور چیف جسٹس کی تصاویر
شائع کیں،انہوں نے بتایا کہ الیکشنن کمیشن نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر محمد ناصر چیمہ کو نااہل قرار دیا ،انہوں نے بتایا کہ انتخابی ضابطہ اخلاق کے اجراء سے قبل لگائے گئے بینرز کو بنیاد بنا کر انہیں نااہل کیا گیا جو کہ آئین کے آرٹیکل دس اے کے تحت شفاف ٹرائل کی سنگین خلاف ورزی ہے،جس پر عدالت نے درخواست گزار کو درخواست کے ہمراہ الیکشن کمیشن کا تحریری،تفصیلی اور مصدقہ فیصلہ عدالت میں پیش کرنے کی ہدائت کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔