اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) کاغذات نامزدگی جمع کروانے والے سیاستدانوں کے اثاثوں کی تفصیلات منظر عام پر آنے کا سلسلہ جاری ہے اور بڑے بڑے سیاستدانوں کے اثاثوں اور ٹیکس تفصیلات نے عوام کو ورطہ حیرت میں ڈالا ہوا ہے۔ اسی دوران ایک ایسا آزاد امیدوار بھی سامنے آیا ہے جو کھرب پتی تو ہے ہی مگر اس نے آج تک ایک روپیہ ٹیکس ادا نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق مظفر گڑھ شہر کےقومی اسمبلی کے حلقہ این اے 182 اور صوبائی اسمبلی کے حلقے پی پی 270سے میاں محمد حسین
عرف میاں مُنا شیخ نامی امیدوار نے آزاد حیثیت میں کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے، ان کے کاغذات نامزدگی کے مطابق وہ 4 کھرب تین ارب 77 کروڑ روپے کے اثاثوںکے مالک ہیں لیکن انہوں نے آج تک انکم ٹیکس اور زرعی آمدنی کی مد میں ایک روپیہ بھی ٹیکس ادا نہیں کیا۔ میاں منا شیخ نے اپنے کاغذات میں 350مربع یعنی 8ہزار 750ایکڑ (70ہزر کنال )اراضی، کمرشل رقبہ اور کچھ زمینیں جن پر مقدمات چل رہے ہیں ظاہر کی ہیں۔ ان کے کاغذات کے مطابق یہ سب چیزیں انہیں وراثت میں ملی ہیں۔