رحیم یار خان(نیوز ڈیسک) رحیم یار خان میں کم عمری کی شادی کی اطلاع پر چھاپہ پولیس کو مہنگا پڑ گیا اور لڑکی نے تھانے میں ہی جھوٹی اطلاع دینے والے کی پٹائی کرڈالی۔تفصیلات کے مطابق رحیم یار خان کے علاقے مدینہ کالونی میں شادی کی ایک تقریب جاری تھی، جہاں دلہا دلہن اور باراتیوں سمیت دیگر مہمان بھی موجود تھے کہ اچانک پولیس بھی ‘بن بلائے مہمان’ کی طرح وہاں پہنچ گئی۔پولیس نے لڑکی کو کم عمر قرار دیتے ہوئے اسے اپنی تحویل میں لے کر
تھانے منتقل کردیا تاہم جب لڑکی کو مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا تو عدالتی کارروائی میں اسے بالغ قرار دیتے ہوئے شادی کی اجازت دے دی گئی۔بس پھر کیا تھا ٗدلہن نے جھوٹی اطلاع دینے والے پولیس اہلکار کے ساتھی کی تھانہ صدر میں ہی خوب پٹائی کر ڈالی۔لڑکی کے اہلخانہ کا کہنا تھا کہ پولیس نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا۔اس ساری پریشانی کے بعد دوبارہ پنڈال سجا، شادی کی شہنایاں بجائی گئیں اور دلہن اپنے دلہا کے ہمراہ سسرال روانہ ہوگئی۔