بدھ‬‮ ، 22 جنوری‬‮ 2025 

عمران خان کی ذاتی زندگی اور زبان ، جاوید چوہدری نے کپتان کو ایٹمی پاکستان کے وزیراعظم کےطور پر ناموزوں قرار دیدیا، وزیراعظم بننے کیلئے کپتان کو فوراََ کیا کام کرنا ہوگا؟جانئے وہ بات جو تحریک انصاف کو الیکشن جتوا سکتی ہے

datetime 7  جون‬‮  2018
ہمارا واٹس ایپ چینل جوائن کریں

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ملک کے معروف صحافی، کالم نگار و تجزیہ نگار جاوید چوہدری اپنے تازہ کالم میں لکھتے ہیںکہ جان ایف کینیڈی امریکا کے 35ویں صدر تھے‘ یہ صدر بننے کے بعد اپنے والد جوزف پیٹرک کینیڈی سے ملنے گئے‘ جوزف پیٹرک عرف عام میں جو کینیڈی کہلاتے تھے‘ وہ انتہائی پڑھے لکھے‘ سمجھ دار اور تجربہ کار تھے‘ امریکا کے سیکورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن

اور میری ٹائم کمیشن کے چیئرمین بھی رہ چکے تھے اور دوسری جنگ عظیم میں برطانیہ میں امریکا کے سفیر بھی‘ یہ جوزف کینیڈی کا کمال تھا امریکا میں 1947ءسےکینیڈی فیملی کا کوئی ایک فرد فیڈرل اسٹیبلشمنٹ میں اعلیٰ عہدے پر ضرور فائزرہتا ہے‘ جان ایف کینیڈی والد کو اپنا آئیڈیل سمجھتے تھے چنانچہ یہ ان کے پاس گئے اور کہا ”میں پریشان ہوں“ والد نے سگار کا کش لیا اور پوچھا ”تم صدر بن کر کیوں پریشان ہو“جان ایف کینیڈی نے جواب دیا ” میری درجن بھر معشوقائیں ہیں‘ میں صدر بننے کے بعد لائم لائیٹ میں آ جاؤں گا چنانچہ مجھے خطرہ ہے میں اب اپنی بیوی سے اپنے معاشقے نہیں چھپا سکوں گا“ والد نے سگار کا ایک اورکش لیا اور مسکرا کر کہا ”تم ٹھیک کہتے ہو‘ تم واقعی صدارت کے قابل نہیں ہو“ جان ایف کینیڈی نے حیران ہو کر پوچھا ”کیا مطلب“ والد نے مسکرا کر جواب دیا ”میرے بچے جو شخص اپنی بیوی سے اپنے معاشقے نہ چھپا سکے‘ اسے واقعی امریکا کا صدر نہیں ہونا چاہیے“۔یہ واقعہ سٹیٹ کرافٹ کی ایک معمولی سی مثال ہے‘ حکمرانی ایک انتہائی نازک کام ہوتا ہے‘ دس بیس کروڑ لوگوں اور بعض اوقات پوری دنیا کا مقدر حکمران کے ایک فیصلے کی دوری پر موجود ہوتا ہے‘ ہٹلر کے ایک فیصلے نے 1939ءمیں پوری دنیا کو جنگ کے جہنم میں دھکیل دیا تھا‘ دنیا آج 79سال بعد بھی ہٹلر کے اس فیصلے کے اثر سے باہر نہیں آ سکی‘

صدرہیری ٹرومین کے ایک فیصلے نے ناگاساکی اور ہیرو شیما کو ایٹم بم سے اڑا دیا تھا‘ جاپان آج تک ان دو حملوں کے اثر سے باہر نہیں آ سکا‘ ذوالفقار علی بھٹو نے 1972ءمیں صنعتوں کو قومیانے کا فیصلہ کیا‘پاکستان اس ایک فیصلے کے نتیجے میں ایشین ٹائیگر سے ایشین کیٹ بن گیا‘ یہ آج تک دوبارہ ٹائیگر نہیں بن سکا‘ جنرل ضیاءالحق نے افغان وار میں کودنے کا فیصلہ کیا‘

ہم آج تک اس کے اثرات بھگت رہے ہیں‘ جنرل پرویز مشرف نے نائین الیون کے بعد امریکا کو ایک ہاں کی ‘ ہم آج بھی اس ایک ہاں کے نتیجے میں سکون سے نہیں سو پا رہے اور میاں نواز شریف نے پانامہ سکینڈل کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا‘ اس ایک فیصلے نے پوری پارٹی اور پورے خاندان کی جڑیں ہلا دیں‘شریف خاندان اب اس فیصلے کے اثرات سے کبھی باہر نہیں آ سکے گا‘

ریاست اور ریاست پر حکمرانی کتنا نازک‘کتنا باریک اورکتنا اہم کام ہوتا ہے؟ آپ اورنگزیب عالمگیر کی مثال سے دیکھئے‘ اورنگزیب عالمگیر کو اپنے جذبات‘ اپنے خیالات پر انتہائی کنٹرول تھا‘ وہ اپنے خیالات کا سایہ تک اپنے چہرے پر نہیں آنے دیتا تھا لیکن ایک دن بادشاہ کے ایک خادم نے یہ پوچھ کر حیران کر دیا ”حضور آپ دکن کی مہم کےلئے کب روانہ ہو رہے ہیں“ بادشاہ نے حیرت سے پوچھا

”تم کو کس نے بتایا‘ میں دکن پر حملہ کر رہا ہوں“خادم نے جواب دیا ”جناب میں آج صبح جب آپ کو وضو کرا رہا تھا تو آپ نے داڑھی کا پانی صاف کرتے ہوئے دکن کی طرف منہ کرکے دو بار فرمایا تھا‘ ان شاءاللہ‘ میں نے اس سے اندازہ لگایا آپ نے دکن پر حملے کا فیصلہ کر لیا ہے“ بادشاہ خادم کی فراصت پر حیران رہ گیا کیونکہ اس نے یہ فیصلہ وضو کے درمیان کیا تھا اور خادم وضو ختم ہونے

سے پہلے اس کا ارادہ بھانپ چکا تھا‘ سٹیٹ افیئرز اتنے نازک ہوتے ہیں‘ پاکستان میں یہ کنٹرول صرف صدر غلام اسحاق خان کو تھا‘اگست 1990ءمیں صدر نے بے نظیر کی حکومت ختم کرنے کافیصلہ کیا ‘ محترمہ نے ٹوہ لینے کےلئے امریکی سفیر رابرٹ اوکلے کو ایوان صدر بھجوایا‘ امریکی سفیر نے واپس آ کر وزیراعظم کو تسلی دی صدر اسمبلیاں نہیں توڑ رہے لیکن پھر اچانک صدر

نے سہ پہر کے وقت حکومت اور اسمبلیاں توڑ دیں‘ بے نظیر بھٹو نے ٹیلی ویژن پر خبر دیکھ کر صدر کو فون کیا اور کہا ”آپ نے اگر حکومت توڑنی تھی تو آپ دوپہر کو امریکی سفیر کو بتا دیتے“ غلام اسحاق خان نے جواب دیا ”میں نے یہ فیصلہ دوپہر کے بعد کیا تھا“۔ریاست چلانے کےلئے یہ ضبط‘ یہ کنٹرول چاہیے ہوتا ہے لیکن بدقسمتی سے عمران خان اور پاکستان تحریک انصاف دونوں

اس خوبی سے محروم ہیں چنانچہ لوگ سوچ رہے ہیں جو لوگ اپنا کنٹرول کھو بیٹھتے ہیں‘ وہ نیو کلیئر پاکستان کے گھمبیر ایشوز کو کیسے کنٹرول کریں گے؟۔جاوید چوہدری نے کالم میں ایک جگہ لکھا ہے کہ ملک کا کوئی بھی ارب پتی اٹھتا ہے اور یہ سیدھا آپ کے ڈرائنگ روم میں جا بیٹھتا ہے‘ کیوں؟ اور آپ نے کبھی اپنے آگے پیچھے پھرنے والے لوگوں کے بارے میں سوچا‘ یہ کون ہیں‘

ان کا بیک گراؤنڈ کیا ہے اور لوگوں میں ان کی رائے کیا ہے؟ آپ کے پرانے دوست آپ سے کیوں ناراض ہیں‘ خاندان کہاں چلا گیا اور لوگ مستقبل کے بارے میں سوچ سوچ کر کیوں پریشان ہو رہے ہیں؟ آپ نے کبھی ایک لمحے کےلئے سوچا!۔عمران خان کو وزیراعظم بننے سے پہلے سنجیدگی سے اپنا تجزیہ کرنا ہوگا‘انہیں بری شہرت کے حامل ساتھیوں کو بھی آف لوڈ کرنا ہوگا‘

پارٹی کو بھی ری آرگنائز کرنا ہوگا‘ اپنی فیصلہ سازی کی قوت کو بھی بہتر بنانا ہوگا اور اپنی میڈیا پالیسی بھی تبدیل کرنا ہو گی‘ دنیا میں لیڈر کریکٹر سے بنتے ہیں اور زبان کے ہاتھوں ختم ہوتے ہیں اور عمران خان ان دونوں محاذوں پر مار کھا رہے ہیں‘ یہ برے انسان نہیں ہیں‘ پاکستان نے آج تک تین بین الاقوامی شخصیات پیدا کی ہیں‘ عبدالستار ایدھی‘ ڈاکٹر عبدالقدیر اور عمران خان‘

لوگوں کو عمران خان میں امید نظر آتی ہے‘لوگ ان کےلئے تن‘ من اور دھن قربان کرنے کےلئے تیار رہتے ہیں لیکن بدقسمتی سے اس کے باوجود ان کے کریکٹر پر انگلیاں اٹھتی رہیں اور آج 66سال کی عمرمیں بھی اٹھ رہی ہیں‘ عمران خان کو زبان پر بھی قابو نہیں‘ یہ اضطراری لہر میں بول دیتے ہیں اور پھر پوری پارٹی وضاحت کرتی رہ جاتی ہے‘ آپ شادی کے بعد ریحام کے بارے میں

عمران خان کے انٹرویودیکھ لیں اور پھر فواد چودھری کی 5جون کی پریس کانفرنس ملاحظہ کر لیں آپ کے سارے طبق روشن ہو جائیں گے‘یہ خامیاں عمران خان سے زیادہ ملک کو نقصان پہنچائیں گی‘ آپ اگر اپنی ذاتی زندگی کونہیں چھپا سکتے‘ آپ اگر اپنے الفاظ کنٹرول نہیں کر سکتے اور آپ اگر پارٹی کے مختلف دھڑوں کو اکٹھا نہیں رکھ سکتے تو پھر آپ لیڈر کس چیز کے ہیں‘

آپ ملک کیسے چلائیں گے؟ مجھے خطرہ ہے عمران خان نے اگر اپنی خامیوں پر قابو نہ پایا یا پھر کسی بادشاہ گر نے انہیں کنٹرول نہ کیا توان کی حکومت کسی حمود الرحمن کمیشن پر ختم ہو گی اور قوم دہائیوں تک ہاتھ ملتی رہے گی‘ کیا ہم یہ چاہتے ہیں؟۔

موضوعات:

آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں


کالم



ریکوڈک میں ایک دن


بلوچی زبان میں ریک ریتلی مٹی کو کہتے ہیں اور ڈک…

خود کو کبھی سیلف میڈنہ کہیں

’’اس کی وجہ تکبر ہے‘ ہر کام یاب انسان اپنی کام…

20 جنوری کے بعد

کل صاحب کے ساتھ طویل عرصے بعد ملاقات ہوئی‘ صاحب…

افغانستان کے حالات

آپ اگر ہزار سال پیچھے چلے جائیں تو سنٹرل ایشیا…

پہلے درویش کا قصہ

پہلا درویش سیدھا ہوا اور بولا ’’میں دفتر میں…

آپ افغانوں کو خرید نہیں سکتے

پاکستان نے یوسف رضا گیلانی اور جنرل اشفاق پرویز…

صفحہ نمبر 328

باب وڈورڈ دنیا کا مشہور رپورٹر اور مصنف ہے‘ باب…

آہ غرناطہ

غرناطہ انتہائی مصروف سیاحتی شہر ہے‘صرف الحمراء…

غرناطہ میں کرسمس

ہماری 24دسمبر کی صبح سپین کے شہر مالگا کے لیے فلائیٹ…

پیرس کی کرسمس

دنیا کے 21 شہروں میں کرسمس کی تقریبات شان دار طریقے…

صدقہ

وہ 75 سال کے ’’ بابے ‘‘ تھے‘ ان کے 80 فیصد دانت…