مریدکے (این این آئی) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سینیٹر چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ دوسری قومیں اسلامی قوانین پر عمل کر کے دنیا کی قیادت کر رہی ہیں ،پاکستان میں تو اشرافیہ اور چند ایک خاندان بیس کروڑ عوام کے حقوق سے کھیل رہے ہیں ،مخصوص خاندانوں اور اشرافیہ کی سیاست نے پاکستان کو ایسے نازک موڑ پر لا کھڑا کیا ہے کہ پاکستان اربوں ڈالر کے قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ،
ایسے مشکل حالات ہیں کہ قرضے اتارنے کیلئے بھی قرضہ لینا پڑ رہا ہے ۔ ان خیالات کااظہارانہوں نے مریدکے میں استحکام پاکستان آرائین کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ دنیا کی قیادت کرنے کیلئے قائد اعظم محمد علی جناح نے جو پاکستان لیکر دیا اور علامہ اقبال نے جو خواب دیکھا یہ وہ پاکستان نہیں ہے جہاں لوگ بھوک کی وجہ سے خود کشیاں کر رہے ہوں ،ہسپتالوں میں ادویات نہ ملنے سے مریض مر رہے ہیں ہوں ،قائد اعظم کا پاکستان تو سب کے برابر حقوق کیلئے بنا تھا مگر اشرافیہ کے ہاتھوں بیس کروڑ عوام یر غمال ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ اب وقت ہے کہ عوام ایسے شخص کو ووٹ دیں جو پاکستان اور عوام کے حقوق پر پورا اترتا ہے ۔بار بار سیاسی کھلاڑیوں کے ہاتھوں استعمال نہ ہوں ۔انہوں نے کہاکہ میں یقین سے کہتا ہوں کہ عمران خان میں وہ سب باتیں موجود ہیں جو بانئی پاکستان اور مفکر پاکستان نے دیکھی تھیں۔انہوں نے کہا نواز شریف ٹولہ لوٹ مار کرکے قوم کو ہمیشہ بیوقوف بناتا اب یہ قوم جاگ چکی ہے اب اسے احتساب کے ڈر سے اور لوٹی دولت واپس لانے کی پریشانی سے کبھی فرشتے اور کبھی خلائی مخلوق نظر آرہی ہے ۔انہوں نے کہا نیب کے چےئرمین کو وزیر اعظم نے خود منتخب کیا ان کے منہ سے نیب چےئرمین کیخلاف بات اچھی نہیں لگتی اور نہ ہی پارلیمنٹ میں ہم کچھ ایسا ہونے دیں گے ۔انہوں نے کہا جو لوگ پارٹی چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں وہ کسی خلائی مخلوق کے کہنے پر نہیں زمینی مخلوق کے احتساب سے ڈر کر پی ٹی آئی میں شامل ہورہے ہیں ،
پی ٹی آئی اس کو ٹکٹ دے گی جو عوام میں بھی مقبول ہو اور کرپشن بدعنوانی سے پاک ہو ۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی نااتفاقی کی وجہ سے مسلمان ممالک آج غیر ملکی آلاکار بن کر جنگ کے میدان بنے ہوئے ہیں ۔ہمارے حکمران بھی یہی چاھتے تھے کہ پاکستان میں بھی ایسے حالات پیدا ہوجائیں کہ یہ قوم حقیقی طور پر غلام بن کر رہ جائے۔مسلمان حکمرانوں کو آپس کی لڑائی ختم کر نا ہوگی اور ایسے حالات میں پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے ۔