راولپنڈی(این این آئی)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے 4 مزید سینیٹرز کی دْہری شہریت کا دعویٰ کیا ہے۔سپریم کورٹ نے گزشتہ روز دوہری شہریت کے کیس میں چار نومنتخب سینیٹرز چوہدری سرور، نزہت صادق، ہارون اختر اور سعدیہ عباسی کی کامیابی کے نوٹی فکیشن روکنے کا حکم دیا۔راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں سینیٹر کا ایک
ووٹ چار سے پانچ کروڑروپے میں فروخت ہوا اور بلوچستان کی تو ساری اسمبلی ہی بک گئی۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ اطلاعات کے مطابق 4 مزید سینیٹرز دوہری شہریت رکھتے ہیں ٗدوہری شہریت والے سینیٹ میں نہیں ہونے چاہئیں، کل کوکوئی بھارتی نکل آیا توکیا بنے گا؟ شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ سینیٹرز سے دوہری شہریت ٗغیرملکی اثاثوں اور کرمنل ریکارڈ نہ رکھنے کا حلف لیا جانا چاہیے۔