اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آباد میں ہونے والی 6ملکی سپیکرز کانفرنس کے شرکاء نے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنی کارروائیوں سے سلامتی والے مذہب اسلام کا نام بدنام کررہے ہیں‘خطے کے ملکوں کو مل کر ایسے عناصر کا سدباب کرنا ہوگا‘ افغانستان پر پہلے روسی اور بعد میں اتحادی قبضہ خطے میں دہشت گردی کی بڑی وجہ بنا‘ دہشت گردی پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے‘ دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تمام ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ کو سرگرم اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا
سپیکر کانفرنس ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں اہم فورم ثابت ہوگی‘ امریکہ کا بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ اتوار کو چھ ملکی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان کی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں ولسی جرگہ کے سپیکر عبدالرؤف ابراہیمی نے کہا کہ دہشت گردی گردی سے سب سے زیادہ افغانستان کے عوام متاثر ہوئے‘ افغان عوام گزشتہ ایک دہائی سے خودکش حملوں اور دھماکوں کا نشانہ بن رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد اپنی کارروائیوں سے سلامتی والے مذہب اسلام کا نام بدنام کررہے ہیں خطے کے ملکوں کو مل کر ایسے عناصر کا سدباب کرنا ہوگا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چین کی نیشنل پیپلز کانگریس کے وائس چیئرمین چنک پنگ نے کہا کہ چین مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل پر یقین رکھتا ہے۔ علاقائی اور عالمی امن کے لئے خطے کے تمام ملکوں کے ساتھ مل کر آگے بڑھنے کے لئے تیار ہیں۔ سپیکر کانفرنس ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے میں اہم فورم ثابت ہوگی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی شوریٰ کے سپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے کہا کہ دہشت گردی کی بڑی وجہ ایک خاص مذہبی فرقے کا اپنے نظریات زبردستی دوسروں پر مسلط کرنا ہے۔ افغانستان پر پہلے روسی اور بعد میں اتحادی قبضہ خطے میں دہشت گردی کی بڑی وجہ بنا۔ روسی سینٹ ڈوما کے چیئرمین دولوڈن نے سپیکرز کانفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی پوری انسانیت کے لئے خطرہ ہے دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے تمام ملکوں کے ارکان پارلیمنٹ کو سرگرم اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔ ترک سپیکر اسماعیل قہرمان نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو درپیش مسائل میں انتہا پسندی اور دہشت گردی سرفہرست ہیں دہشت گردی سے نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن و استحکام کو خطرات لاحق ہیں۔ امریکہ کا بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنا عالمی امن کے لئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جیسے دوست ممالک کے ساتھ مل کر اقوام متحدہ میں امریکی عزائم کے خلاف موثر کردار ادا کیا۔ ترک سپیکر نے چھ ملکی سپیکرز کانفرنس کو مستقل فورم بنانے کی سردار ایاز صادق کی تجویز سے اتفاق کیا۔