پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے تحصیل غاز ی کے مختصر دورے کے دوران ضلع ناظم ہری پور عادل اسلام کے گھر جا کر اُن کی عیادت کی جو قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تھے ۔وزیراعلیٰ کچھ دیر اُن کے پاس رہے اور ان کی خیریت دریافت کی ۔اس موقع پر انہوں نے ملزمان کی فوری گرفتاری کیلئے ڈی پی او کو ہدایات جاری کیں۔ کمشنر ہزارہ اکبر خان، ڈی پی او ہری پور خالد ہمدانی، وزیراعلیٰ
کے مشیر برائے سی اینڈ ڈبلیو اکبر ایوب خان،سابق صوبائی وزراء یوسف ایوب خان اور فیصل زمان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ جو لوگ عدلیہ کے خلاف نکلیں گے عوام اُن کے خلاف نکلیں گے ۔ کسی کو حق نہیں کہ عدلیہ کے خلاف مہم چلائے۔ عدلیہ کو آئین تحفظ دے گااور عوام بھی پہاڑ کی طرح اُن کی پشت پناہی کریں گے۔انہوں نے تعلیم کے شعبے میں ٹاپ ٹین اضلاع میں شمولیت اور ضلع ہری پور کی نمایاں تعلیمی کامیابی پر وہاں کے عوام کو مبارکباددی ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا میں ہسپتالوں، سکولوں اور پولیس کا نظام درست کردیا ہے۔ سمجھد ار لوگ پاکستان تحریک انصاف اور عمران خان کا ساتھ دیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ الیکشن سے قبل فاٹا کے انضما م کو خیبرپختونخوا میں ضم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا نے پورے پاکستان میں صحت اور تعلیمی شعبے میں ترقی کی ہے۔ ٹاپ ٹین میں ضلع ہری پور نے بھی تعلیمی میدان میں کامیابی حاصل کی ہے ۔ وہ ضلع ہری پور کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ عمران خان نے سسٹم کو صحیح کرنے کا پروگرام شروع کیا ہے ۔ خیبرپختونخوا کے ہسپتالوں ، سکولوں کی حالت بہترہوئی ہے ۔نہوں نے کہاکہ اب غریب کا بچہ یکساں نظام تعلیم حاصل کر رہا ہے ۔