اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے زاہد حامد کے استعفیٰ کے بعد معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ کو وزارت قانون کے معاملات نمٹانے کی اضافی ذمہ داری سونپ دی،جس کے بعد بیرسٹر ظفر اللہ قومی اسمبلی اور سینیٹ میں قانون سازی کے معاملات کو دیکھیں گے۔ ذرائع کے مطابق تحریک لبیک کے مطالبے پر مستعفی ہونے والے سابق وزیر قانون زاہد حامد کی جگہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے
اپنے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ کو وزارت قانون کی اضافی ذمہ داری سونپ دی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزیر مملکت برائے قانون محسن شاہ نواز رانجھا کو معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ کی معاونت کی بھی ہدایت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی جانب سے اضافی ذمہ داری سونپے جانے کے بعد بیرسٹر ظفر اللہ قومی اسمبلی اور سینیٹ سمیت قائمہ کمیٹیوں میں قانون سازی کے حوالے سے معاملات کو دیکھیں گے۔