کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق صدر پاکستان اورآل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کراچی میں مہاجر کمیونٹی کے ایک مرتبہ پھر سے متحد ہونے پر خوشی ہے۔میری ہمدردی ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں بلکہ مہاجر برادری کے ساتھ ہے۔مہاجر برادی کو ایم کیو ایم کا ٹھپہ اتار کر پاکستانیت کا آغاز کرنا چاہئیے۔مہاجر برادری ایک نئی سوچ کا آغاز اپنے آپ سے شروع کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان باہم مل رہی ہیں،مہاجر برادری کے ایک مرتبہ پھر سے متحد ہونے پر خوشی ہے۔ مجھے ایم کیو ایم سے نہیں مہاجر برادری سے ہمدردی ہے۔ ایم کیو ایم نے مہاجر برادری کو ملک بھر میں بدنام کیا۔ایم کیو ایم کی وجہ سے مہاجر برادری تکلیفیں اٹھا رہی ہے۔ ایم کیو ایم کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آتا مگر مہاجروں کو متحد ہونا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ میری سوج قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاکستان کی بنیاد پر ہے۔اس لئے میں چاہتا ہوں کے مہاجر برادری کے اتحاد کے بعد دیگرقوموں سندھی،پنجابی،پٹھان،بیہاری،بلوچ اور بنگالیوں سمیت سب کو ساتھ لے کر ایک نئی طاقت سامنے لانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ یہ طاقت سندھ کے دیہی علاقوں کی سیاسی طاقتوں کو ساتھ ملا کر سندھ میں پیپلز پارٹی کو مات دے سکتی ہے۔ پنجاب،کے پی کے،بلوچستان اور دیگر علاقوں سے آل پاکستان مسلم لیگ اس طاقت سے مل کر پاکستانیت کی سوچ کاآغاز کرے گی۔ یہ ایک نئی سیاسی طاقت کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مہاجر برادری کو ضرور متحد ہونا چاہئیے مگر میں چاہتا ہوں کہ مہاجر اپنے آپ سے ایم کیو ایم کادھبہ صاف کریں اور پاکستانیت کی سوچ کا آغاز اپنے آپ سے کریں۔