سکردو(آئی این پی ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بلتستان یونیورسٹی کا افتتاح کر دیا اس موقع پر ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ یونیورسٹی میں دو ہزار طلبا کو اعلی تعلیم کی سہولت حاصل ہو گی،قراقرم یونیورسٹی کیمپس کو اب بلتستان یونیورسٹی کا درجہ دے دیا
گیا ہے،یونیورسٹی میں مقامی وسائل سے استفادہ کیلئے خصوصی شعبہ جات قائم کیے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا خصوصی شعبوں میں آبی وسائل اور سیاحت کے شعبے شامل ہیں،یونیورسٹی میں فیکلٹی ڈویلپمنٹ پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی،یونیورسٹی کے قیام سے نوجوانوں بالخصوص خواتین کیلئیاعلی تعلیم کے مواقع بڑھیں گے۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ یونیورسٹی کے قیام کیلئے وزیراعظم نے حکم نامہ جاری کیا،گلگت بلتستان حکومت نے یونیورسٹی کے لئے 15سو کنال زمین الاٹ کی،یونیورسٹی کی تعمیر پر ایک ارب 77کروڑ روپے لاگت آئے گی۔ایچ ای سی گلگت بلتستان میں ایک ارب 75کروڑ روپے سے آٹھ منصوبوں پر کام کر رہی ہے،آٹھ منصوبوں کیلئے ایک ارب پندرہ کروڑ روپے کے فنڈ جاری کئے جاچکے ہیں۔ مزید بتایا گیا کہ گلگت بلتستان کے تمام 10اضلاع میں یونیورسٹی یا ذیلی کیمپس قائم ہونگے۔چلاس اور غذر میں مارچ 2018میں قراقرم یونیورسٹی کا ذیلی کیمپس قائم ہو گا۔قراقرم یونیورسٹی کے زیر اہتمام میڈیکل کالج بھی قائم کیا جائے گا۔