اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین نیب کے لیے 6 نام سامنے آگئے۔ حکومت اور اپوزیشن کی جانب سے 3، 3 نام دیے گئے ہیں۔ حتمی فیصلہ جمعرات کو وزیر اعظم اور خورشید شاہ کے درمیان ملاقات میں ہوگا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی ملاقات ہوئی جس میں نئے چیئرمین
نیب کے لیے مشاورت کی گئی۔دونوں جانب سے 3، 3 نام دیے گئے۔ اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بتایا کہ چیئرمین نیب کے لیے حکومت کی جانب سے آفتاب سلطان، جسٹس ریٹائرڈ چوہدری اعجاز اور جسٹس ریٹائرڈ رحمت جعفری کے نام دیے گئے ہیں۔اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین نیب کے لیے جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر، جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال اور سابق سیکریٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد خان کا نام تجویز کیے ہیں۔خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ جمعرات کو وزیر اعظم سے ہونے والی ملاقات میں چیئرمین نیب کا نام فائنل ہونے کا امکان ہے۔یاد رہے کہ اس وقت موجودہ چیئرمین نیب قمر الزماں چوہدری ہیں جنہوں نے 10 اکتوبر سنہ 2013 میں اس عہدے پر اپنی ذمہ داریاں سنبھالی تھیں۔ رواں مہینے وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوجائیں گے۔