اسلام آباد ( آئی این پی ) اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ساتھ نیب کے آئندہ چیئرمین کے لئے 6 ناموں پر مشاورت ہوئی ہے ، اپوزیشن کی طرف سے چیئرمین نیب کے لئے 3 نام تجویز کئے گئے ہیں۔منگل کو ایک نجی ٹی وی کے مطابق خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر، جسٹس (ر) جاوید اقبال جب کہ جماعت اسلامی کی جانب سے الیکشن کمیشن
کے سابق سیکرٹری اشتیاق احمد کا نام تجویز کیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے چیئرمین نیب کے لئے سابق ڈی جی آئی بی آفتاب سلطان کا نام تجویز کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کا ذکر کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے جسٹس (ر) رحمت جعفری، جسٹس (ر) اعجاز چوہدری کا کا نام بھی آئندہ چیئرمین نیب کے لئے دیا گیا ہے 8 اکتوبر سے پہلے کسی ایک نام پر اتفاق رائے کر لیا جائے گا جبکہ وزیر اعظم سے 5 اکتوبر کو دوبارہ ملاقات کرکے آئندہ چیئرمین نیب کے لئے حتمی نام کے لئے مشاورت کا عمل کیا جائے گا ۔