اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکہ کی بھارت کو افغانستان فوج بھیجنے کی پیشکش پر پاکستان کا شدید ردعمل، تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بھارت کے بارے میں کہا کہ بھارت افغانستان میں تعمیراتی منصوبوں کی آڑ میں پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے، امریکہ کی طرف سے بھارت کو افغانستان میں اپنی فوج بھیجنے کی امریکہ کی طرف سے پیشکش پر تشویش کا اظہار کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے پاکستان میں داعش کی موجودگی کے حوالے سے تردید کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے امریکہ کو کہا ہے کہ بھارت کا افغانستان میں کردار منظور نہیں ہے۔
ترجمان نفیس زکریا نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران را کے افغانستان میں ٹی ٹی پی اور دیگر دہشتگرد تنظیموں کے ساتھ گٹھ جوڑ کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان کا موقف اقوام متحدہ میں بہترین طریقے سے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ نے کامیاب غیر ملکی دورہ کیا ہے اور انہوں نے بتایا کہ آئندہ ماہ چین اور روس کی پاکستان کے ساتھ الگ الگ فوجی مشقیں ہوں گی۔ اس کے علاوہ انہوں نے سی پیک کے حوالے سے کہا کہ پاکستان اور چین دیگر ممالک کی اس منصوبے میں شمولیت کے متعلق معاملات طے کر رہے ہیں۔