کراچی( این این آئی) ترجمان سندھ پولیس کے دفتر سے جاری ایک اعلامیئے کے مطابق شاہد حامد قتل کیس میں پولیس کو بیس سال سے مطلوب ملزم محبوب غفران کو جامشورو پولیس نے گرفتار کرکے سی آئی اے کے انسپکٹر سرور کمانڈو کے حوالے کردیا ہے جوکہ مذکورہ کیس کے انویسٹی گیشن آفیسر ہیں علاوہ اذیں اس کے ایک ساتھی منہاج قاضی کو سال 2016 میں پولیس نے گرفتار کیا تھا۔
جبکہ اسی کیس میں الطاف حسین، ندیم نصرت اور سہیل زیدی کو متعلقہ عدالت پہلے ہی سے مفرور قرار دے چکی ہے اورحکومت پاکستان نے انٹرپول سے انکی گرفتاری کے لیئے ریڈوارنٹ جاری کرنیکے لیئے بھی رابطہ کررکھا ہے ۔ترجمان کے مطابق شاہد حامد قتل کیس میں گرفتار ملزم محبوب غفران نے دفعہ164کا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے اپنے اعترافی بیان میں الطاف حسین،ندیم نصرت،صولت مرزا،منہاج قاضی اور سہیل زیدی کا بھی نام لیا اور بتایا کہ انہوں نے شاہد حامد کے قتل کی سازش کی تھی۔