راولپنڈی/اسلام آباد(آئی این پی)جڑواں شہروں کی ضلعی انتظامیہ کے موثر انتظامات نہ ہونے باعث ڈینگی کا مرض بے قابو ہوگیا‘بھارہ کہو، ترلائی، روات اور سوہان کے علاقوں سے متعدد افراد مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتال پہنچ گئے‘ راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اور ہولی فیملی ہسپتال میں موجود ڈینگی وارڈز میں مریضوں کیلئے بیڈز کم پڑ گئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راول پنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی۔بھارہ کہو، ترلائی، روات اور سوہان سمیت وفاقی دارالحکومت کے رورل ایریاز
میں 15 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ شہری علاقوں میں 10 افراد مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتال لائے گئے ہیں جبکہ دوسری جانب راولپنڈی میں بھی ضلعی انتظامیہ کی غفلت کے باعث مرض نے سر اٹھا لیا ہے اور متعدد افراد مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔ ڈینگی کے کچھ مریض بینظیر بھٹو اسپتال اور ہولی فیملی اسپتال پنڈی میں بھی داخل کرائے گئے ہیں ۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے پولی کلینک ہسپتال کی ایک نرس بھی ڈینگی وائرس سے متاثر ہو کر ہسپتال میں زیر علاج ہے۔