لاہور ( این این آئی)این اے 120سے (ن) لیگ کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان کا کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے سے انکار ،بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان ، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 120کے ضمنی انتخاب میں 10امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لے لیے جبکہ امیدواروں کی حتمی لسٹ آج آویزاں کی جائے گی ،مسلم لیگ (ن) کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے بطور آزاد امیدوار الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کردیا۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے حلقہ این اے 120 کے ضمنی انتخاب میں کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 25اگست مقرر کی گئی تھی ۔پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار اشتیاق چوہدری نے تحریک انصاف کی امیدوار ڈاکٹر یاسمین کے حق میں دستبرداری کا اعلان کرتے ہوئے اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے جبکہ پی ٹی آئی کی کورنگ امیدوار عندلیب عباس نے بھی اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے جس کے بعد ڈاکٹر یاسمین راشد کو ’’بلے ‘‘ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا ۔ پیپلز پارٹی کے کورنگ امیدوار عزیز الرحمان چن اور حافظ میاں زبیر کاردار نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیے جس کے بعد فیصل میر کو ’’تیر ‘‘کا نشان الاٹ کردیا گیا ۔پیپلز پارٹی ورکرز کے سردار حُر بخاری اور آزاد امیدوار زاہد حسین سمیت 10امیدواروں نے کاغذات نامزدگی واپس لیے ۔ دوسری جانب حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے کورنگ امیدوار حافظ نعمان نے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے سے انکار کرتے ہوئے پارٹی ٹکٹ واپس کر کے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا ۔جس کے بعد (ن) لیگ کی امیدوار بیگم کلثوم نواز کو ’’شیر ‘‘کا نشان الاٹ کردیا گیا ہے جبکہ حافظ نعمان جن کی حیثیت اب آزاد امیدوار کی ہو چکی ہے انہیں لیپ ٹاپ کا انتخابی نشان الاٹ کردیا گیا ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی حتمی لسٹ اور انتخابی نشانات کا چارٹ آج آویزاں کیا جائے گا جبکہ حلقے میں ضمنی انتخاب 17ستمبر کو ہو گا ۔