لاہور(این این آئی)سابق وزیرا عظم نواز شریف کا اسلام آبادسے لاہور سفر کے دوران متعدد مقامات پر عوامی اجتماعات سے خطاب کے باعث خراب ہونے والا گلہ ٹھیک نہ ہو سکا۔نواز شریف گزشتہ روز جب ایوان اقبال میں آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کیلئے آئے تو ان کا گلہ شدید خراب تھا تاہم انہوں نے اس کے باوجود وکلاء سے طویل خطاب کیا ۔ نواز شریف نے گلے کو عارضی آرام دینے کی غرض سے خطاب سے قبل اسٹیج پر سیرپ پیا اور اس کے بعد خطاب کے دوران بھی عارضی آرام کے لئے تین گولیاں کھائیں۔
مسلم لیگ (ن) لائر ز ونگ کے زیر اہتمام ایوان اقبال میں منعقدہ آل پاکستان یوتھ ونگ کنونشن میں وکلاء کی کثیر تعداد نے شرکت کی ، پولیس نے وکلاء کنونشن کے مقررہ وقت سے کئی گھنٹے قبل ہی سکیور ٹی کے پیش نظر ایوان اقبال کے اطراف سے گزرنے والے راستوں کو بیرئیر ، خار دار تاریں اور قناعتیں لگا کر بند کر دیا، نواز شریف کی آمد سے قبل وکلاء بھرپور نعرے بازی کرتے رہے ، حال میں نواز شریف سے اظہار یکجہتی کیلئے مختلف نعروں پر مبنی بینرز آویزاں تھے ، رش کے باعث حال کی راہداریوں اور بالائی گیلریاں بھی وکلاء سے بھر گئیں*نواز شریف کی آمد پر وکلاء نے کھڑے ہو کر اور تالیاں بجا کر استقبال کیا، فضاء دیکھو دیکھو کون آیا شیر شیر آیا کے نعروں سے گونج اٹھی ،نصیر بھٹہ نے جذباتی تقریر کی ،نواز شریف کے خطاب کیلئے آنے پر وکلاء نے دوبارہ کھڑے ہو کر اور نعر ے لگا کر استقبال کیا ، نوجوان وکلاء کی بڑی تعداد ڈائس کے سامنے آ کر نواز شریف کے ساتھ سیلفیاں بناتی رہی ، نصیر بھٹہ نے یو آر ایکس پرائم منسٹر بٹ یو آر نیکسٹ پرائم منسٹر کا نعرہ لگایا ، یہ جو کالا کوٹ ہے یہ تیرا ووٹ ہے کے نعرے لگاتے رہے ، میاں صاحب آئی لو یو کے نعرے لگتے رہے ، نواز شریف تقریر کے دوران بار بار نعرے بازی کی وجہ سے وکلاء کو منع کرتے رہے ، نعرے نہ لگانے کا وعد ہ کرنے کے باوجود وکلاء نواز شریف کے حق میں نعرے لگاتے رہے ۔*کنونشن کے اختتام کے بعدمال روڈ اور اطراف کی شاہراہوں پر ٹریفک بری طرح جام ہو گئی ۔