پشاور(این این آئی)پشاور تعلیمی بورڈ نے پرچوں کی ری ٹوٹلنگ کے لیے آن لائن نظام شروع کر دیا۔ بورڈ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق طلباء گھر بیٹھ کر اپنے مارکس معلوم کر سکتے ہیں اور اگر انہیں کسی قسم کا شک ہو تو ری ٹوٹلنگ کے لیے آن لائن درخواست جمع کر سکتے ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ طالبعلم پانچ سو روپے فی پرچے کے حساب سے فیس کی رسید کا نمبر بورڈ کی ویب سائٹ پر دیکر اپنی درخواست آن لائن جمع کر سکتے ہیں جس کے بعد انہیں ایک ٹریکنگ نمبر دیا جائیگا۔ بیان میں کہا گیا کہ درخواست پر عملدرآمد کے بعد بورڈ کی جانب سے مسیج موصول ہونے پر طلباء ٹریکنگ نمبر اورپرانی ڈی ایم سی دکھا کر اپنی نئی ڈی ایم سی حاصل کر سکیں گے۔ بورڈ کا کہنا ہے کہ اس نظام سے طلبا کے لیے آسانی رہے گی۔