لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ماہ صیام کی آمد آمد ہے اور ملک بھر میں اس حوالے سے تیاریاں بھی عروج پر ہیں۔ ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹر غلام رسول نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا 26 مئی کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی بجائے 27 مئی کو نظر آنے کے واضح امکانات ہیں۔ان کا کہنا تھا 26 مئی کو موسم کافی حد تک صاف ہو گا لیکن خیبرپختونخوا کے کچھ علاقوں میں بادل ہونگے۔
کہتے ہیں محکمہ موسمیات رویت ہلال کمیٹی کو ڈیٹا فراہم کرتا ہے اور چاند کی عمر سمیت دیگر معلومات بھی مرکزی اور زونل کمیٹیوں کو دی جاتی ہیں۔دوسری جانب حکومت نے رمضان کے مہینے میں یوٹیلیٹی اسٹورز کے ذریعے 19 اشیائے ضروریہ پر 1 ارب 60 کروڑ روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یوٹیلٹی سٹورز پر بیسن پر 15 روپے، کھجور پر 20 روپے، آٹے پر 4 روپے، چینی پر 5 روپے فی کلو جبکہ گھی اور کُکنگ آئل پر 15 روپے فی لٹر سبسڈی دی گئی ہے۔دال چنا پر 15 روپے، دال مونگ، دال ماش اور دال مسور پر 10 روپے فی کلو سبسڈی دی گئی ہے۔ مختلف اقسام کے چاولوں پر 10 روپے فی کلو جبکہ مشروبات، دودھ اور مصالحہ جات پر بھی 10 سے 15 روپے سبسڈی کی منظوری دی گئی ہے۔ رمضان پیکج پر عملدرآمد 22 مئی سے شروع ہو گا۔