اسلام آباد(آئی این پی)حکومت اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم پر مفاہمت میں وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کلیدی کردارادا کیا ہے ، وزیراعظم کو اس مفاہمت کے بارے میں رپورٹ بھی پیش کردی گئی ہے ، اعلیٰ سطح پر اس مفاہمت کیلئے تمام ممکنہ اثرورسوخ اور صلاحیت کو بروئے کار لانے پر سینیٹر اسحاق ڈار کو ’’شاباش‘‘بھی دی گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق فوجی
عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم پر حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان تعطل کو دور کرنے کے لئے وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار کی بھاگ دوڑ کام آئی ،وہی پیپلزپارٹی کو رام کرنے میں کامیاب رہے ، پیپلزپارٹی نے بھی وزیرخزانہ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا ہے جبکہ حکومت کی جانب سے پیپلزپارٹی کو مستقبل کے حوالے سے بھی بعض معاملات پر یقین دہانی کروائی گئی ہے ۔ خیال رہے کہ پیپلزپارٹی اور وزیرقانون وانصاف زاہد حامد کے درمیان فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم پر ہونے والے مذاکرات میں اپوزیشن کی بڑی جماعت نے اپنے مطالبات کے حوالے سے ذرا برابر بھی قدم پیچھے ہٹانے سے انکار کردیا تھا ۔وزیر قانون وانصاف نے اسحاق ڈار کو صورتحال سے آگاہ کیا جس پر وزیرخزانہ خود پیپلزپارٹی کو رام کرنے کے لئے میدان میں آئے ۔ بالاخر اس آئینی ترمیم پر وزیر خزانہ پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے وزیر خزانہ پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی سے ہونے والی اس مفاہمت سے وزیراعظم محمد نوازشریف کو بھی آگاہ کردیا ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے ان مطالبات کے حوالے سے 19مارچ پیر کو حکمران اتحاد کی پارلیمانی پارٹی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا ۔ ان اراکین کو پیپلزپارٹی کی بعض تجاویز کو ترامیم کی صورت میں آئینی ترمیمی بل میں شامل کرنے کی وجوہ سے بھی آگاہ کیا جائے گا ۔