اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تاریخ میں پہلی مرتبہ اداروں کو اختیارات سونپنے کا عمل دیکھا ، خیبرپختونخوا حکومت نے خود تو دباؤ برداشت کر لیا لیکن کبھی یہ دباؤ اداروں یا پولیس کو منتقل نہیں ہونے دیا۔ آئی جی خیبرپختونخوا ناصر خان درانی کا
تحریک انصاف کیصوبائی حکومت کو خراج تحسین ، تقریب سے خطاب۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس خیبرپختونخوا ناصر خان درانی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ خیبر پختونخواہ میں بطور آئی جی پولیس تعیناتی میری پیشہ وارانہ زندگی کا بہترین تجربہ تھا۔ صوبائی حکومت کے دئیے گئے ویژن کے مطابق پوری نیک نیتی کے ساتھ کام کیا۔ان کا کہنا تھاکہ یہ بہت بڑی بات ہے کہ کوئی سیاسی قیادت اپنے اختیارات اداروں کو منتقل کرے جو خیبرپختونخواہ میں تحریک انصـاف کی صوبائی حکومت نے کیا، تاریخ میں پہلی مرتبہ اداروں کو اختیارات سونپنے کا یہ عمل دیکھا ہے۔ ریٹائرمنٹ سے قبل اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر خان درانی نے پی ٹی آئی کو سلام پیش کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی نے خود تو دباؤ برداشت کر لیا لیکن یہ دباؤ کبھی اداروں یا پولیس کو منتقل نہیں ہونے دیا جس کیلئے صوبائی حکومت خراج تحسین کی مستحق ہے۔ تقریب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ پرویز خٹک نے ناصر خان درانی کو ان کی اعلیٰ کارکردگی اور بہترین خدمات پر اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔