دبئی(این این آئی)آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم وپی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری متحدہ عرب امارات کے دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے اپنے دورے کے دوران انھوں نے پورے متحدہ عرب امارات سے آئے ہوئے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کے ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کیا۔اس دوران یو اے ای کی تنظیم سازی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔پی ٹی آئی کشمیر کی یو اے ای کی تنظیم کا اعلان 20 فروری تک کر دیا جائے گا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے دورہء متحدہ عرب امارات کے دوران
مختلف وفود، استقبالیوں، ظہرانوں، عشائیوں سے بھی خطاب کیا اور اس موقع پر انھوں نے مقبوضہ کشمیر کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی اور مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پراٹھانے پر زور دیا۔ انھوں نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی خلاف ورزیوں پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری برہان وانی کی شہادت کے بعد امریکہ، برطانیہ، یورپ اور فار ایسٹ کا دورہء بھی کر چکے ہیں اسطرح انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی بربریت کو بے نقاب کیا اور وہاں پر ڈھانے جانے والے مظالم پر تفصیلی بریفنگ دی۔ بعد ازاں بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے اعزاز میں ڈاکٹر راشد الیاس نے عشائیہ دیا ۔ عشائیے کے بعد وہ فوراً دبئی سے ابوظہبی کے راستے اسلام آباد واپس روانہ ہو گئے۔