لاہور( این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی میاں عرفان دولتانہ نے کہا ہے کہ بھاشا ڈیم کی تعمیر فوڈ باسکٹ کے تحفظ کیلئے ناگزیر ہے اس پر 16 ارب ڈالر خرچ ہوں گے، حکومت اسے دو حصوں میں مکمل کرنا چاہتی ہے،
پہلے حصہ میں ڈیم تعمیر کیا جائے گا جس میں پاکستان میں غذائی تحفظ میں مدد ملے گی اور آبپاشی و پانی کے ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھ جائے گی، دوسرے مرحلہ میں ڈیم سے بجلی پیدا کرنے کیلئے آئی پی پیز کے ذریعے سرمایہ کاری کوئی مشکل کام نہیں ہو گا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اپنے تین سالہ دور میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کیلئے منصوبے شروع کئے ہیں جبکہ قیام پاکستان سے اب تک بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت صرف 17 ہزار میگاواٹ تھی، موجودہ حکومت نے صرف اپنے تین سالہ دور میں ملک کیلئے 11 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کی۔