اسلام آباد(این این آئی)آل پاکستان مسلم لیگ کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات چوہدری اسد محمود نے کہا ہے کہ ارکان پارلیمنٹ اور وزراء کی تنخواہوں میں اضافہ اچھی بات ہے مگر اس موقع پرڈیلی ویجزاورکنٹریکٹ پر کام کرنے والے اور عام سرکاری ملازمین کے علاوہ مزدور طبقے کو بھی یاد رکھا جاتا تو زیادہ اچھا ہوتا۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے کہا گیا ہے کہ وزراء اور اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافہ موجودہ مہنگائی کی مناسبت سے بہت کم ہے ،حکومت کو چاہئیے کہ عام آدمی کو بھی اسی تناظر میں دیکھے۔انہوں نے کہا کہ جنرل(ر)پرویز مشرف کے دور حکومت میں بنیادی اشیاء ضروریہ عام آدمی کی پہنچ میں تھیں اوران کی قیمتوں میں استحکام تھا جس وجہ کم پیسوں میں بھی ماہانہ بجٹ بنانا آسان تھا مگر اب صورتحال یہ ہے کہ ایک طرف تو چیزوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں
جبکہ دوسری طرف آئے دن ان کی قیمتوں میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے۔ جس سے متوسط طبقے کا بجٹ شدید متاثر ہوتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہئیے کہ میانہ روی اختیار کرتے ہوئے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرے