لاہور(این این آئی ) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید نے کہاہے کہ قطر چھوڑیں عرب کے سارے شہزادوں کے خط بھی آجائیں تو بھی نواز شریف پا نا مہ کیس سے نکلنے میں کامیاب نہیں ہونگے، بلاول آئیں یا آصف علی زرداری پنجاب سے پیپلزپارٹی کو سوائے مایوسی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دبئی سے ملک واپسی پر لاہور کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وہ پلڈاٹ کے زیر اہتمام ہونے والی زراعت و لائیو سٹاک پر دبئی میں ہونے والی کانفرنس میں شرکت کے بعد واپس پاکستان پہنچے ہیں۔ کانفرنس میں پاکستان، بھارت، نیپال اور بنگلہ دیش سمیت دیگر ملکوں کے نمائندوں اور ماہرین نے شرکت کی۔
قبل ازیں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں زراعت و لائیو سٹاک سمیت دیگر شعبوں میں ایک دوسرے کی صلاحیتوں اور تجربات سے استقادہ حاصل کرے تاکہ اسکا براہ راست فائدہ دونوں ملکوں اور اسکے عوام کو حاصل ہو سکے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف نے شرکا ء کو پاکستان
میں آج تک کی زرعی و لائیو سٹاک کی کامیابیوں اور تجربات سے آگاہ بھی کیا۔ ملک واپسی پر لاہور ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے میاں محمود الر شید نے کہا کہ بلاول آئیں یا آصف علی زرداری پنجاب سے پیپلزپارٹی کو سوائے مایوسی کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی صرف سندھ تک محدود ہو کر رہ گئی ہے اورتحریک انصاف پنجاب سمیت ملک بھرمیں مقبولیت اور عوامی حمایت حاصل کر چکی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف پا نا مہ کیس سے نکلنے میں کامیاب نہیں ہونگے، عدالت میں سارے شواہد انکے خلاف ہیں اور انکے بچوں کے بیانات اور قطری شہزادے کے خط سے پوری قوم کو حقیقت کا پتہ چل گیا ہے کہ حکمران خاندان نے بیرون ملک غیر قانونی طریقے سے بھاری رقوم منتقل کی، انہوں نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کا مقدمہ نہیں20کروڑ عوام کا مقدمہ ہے جو ہم جیتنے کے قریب ہیں۔