لاہور(آئی این پی) صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان کا سیاسی مستقبل تاریک ہو چکا ہے ‘2018کے انتخابات میں بھی ہم کامیاب ہوں گے اور آئندہ حکومت بھی (ن) لیگ کی ہی ہوگی ‘پانامہ لیکس سمیت کسی معاملے سے (ن) لیگی حکومت کو کوئی خطر ہ نہیں ‘شیخ رشید اور عمران خان صرف جھوٹ بولتے ہیں ‘ملک میں ہر گزرتے دن کیساتھ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے ۔ اتوار کے روز گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے کہا کہ عمران خان اور شیخ رشید کے مقدر میں مایوسی کے سواکچھ نہیں اور انکو ہر میدان میں شکست اور (ن) لیگ کے مقدر میں کامیابی لکھی جا چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس کسی بات کا کوئی ثبوت نہیں ہو تا وہ صرف سیاسی دکانداری چمکانے کیلئے حکومت کے خلاف باتیں کرتے ہیں پانامہ لیکس کے معاملے میں وزیر اعظم نوازشر یف پر تحر یک انصاف نے صرف جھوٹ بولا ہے اس لیے وزیر اعظم نوازشر یف یا حکومت کو پانامہ لیکس کے معاملے سے کوئی خطر ہ نہیں ۔ انہوں نے کہا (ن) لیگ کی حکومت نہ صرف آئینی مدت پوری کر یگی بلکہ آنیوالی حکومت بھی (ن) لیگ کی ہی ہوگی ۔